سرینگر07 جولائی (نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جامع مسجد سرینگر کی انجمن اوقاف نے تنظیم کے سربراہ میر واعظ عمرفاروق کی گھر میں مسلسل نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے۔
انجمن اوقاف نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض حکام نے میر واعظ عمر فاروق کو آج مسلسل 202ویں ہفتے نماز جمعہ ادا کرنے سے روک دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ میر واعظ کو نہ تو نماز جمعہ پڑھنے کی اجازت ہے اور نا ہی وہ سیاسی و معاشرتی سرگرمیاں انجام دیں سکتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آج بھی بڑی تعداد میں لوگ تاریخی جامع مسجد میں جمعہ کی نماز پڑھنے اور میر واعظ کا خطبہ سننے آئے تھے لیکن انہیں وہاں نہ پاکر انہیں شدید مایوسی ہوئی۔
دریں اثنا، انجمن اوقاف نے اپنی اور تنظیم کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق جو 05 اگست 2019 سے مسلسل نظر بند ہیں،کیطرف سے تیسرے خلیفہ اسلام حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کو ان کے یوم شہادت پر شاندار نظرانہ عقیدت پیش کیا۔بیان میں کہا گیا کہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کو علم و عمل، صبر و تحمل، امانت و دیانت اور جراءت و سخاوت کا پیکر تھے۔
انجمن نے اپنے بیان میں کہا کہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی اسلام، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن پاک کے لیے عظیم خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ بیان میں مسلمانوں پر زور دیا گیا کہ وہ خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم کی زندگیوں کو اپنا نمونہ بنانے اور ان کی عظیم تعلیمات کو اپنی عملی زندگیوں میں اپنانے کے عزم کی تجدید کریں۔