امپھال(نیوز ڈیسک ) بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور میں بھارتی پیراملٹری بارڈر سیکیورٹی فورس(بی ایس ایف)کے ایک اہلکارکی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ ایک خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنارہاہے۔
بی ایس ایف کا ہیڈ کانسٹیبل ستیش پرساد گزشتہ ہفتے ایک گروسری اسٹور کے اندر ایک خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ سٹور کے اندر موجود ایک سی سی ٹی وی کیمرے کے ذریعے محفوظ ہونے والے واقعے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وردی میں ملبوس بی ایس ایف اہلکار INSASرائفل اٹھائے ہوئے عورت کو پکڑے ہوئے ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ امپھال میں 20جولائی کو ایک پٹرول پمپ کے قریب ایک دکان پر پیش آیا۔ ملزم کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل ستیش پرساد کے طور پر کی گئی ہے۔ اسے معطل کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ منی پور کے ضلع تھوبل میں گزشتہ ہفتے دو خواتین کی اجتماعی عصمت دری سے قبل ان کی برہنہ پریڈ کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس سے بڑے پیمانے پر غم و غصہ پیدا ہواتھا۔