گوہاٹی (نیوز ڈیسک )بھارتی ریاست آسام کے ضلع موریگائوں میں مشتعل ہندو بلوائیوں نے ایک مسلمان شخص کووحشیانہ تشدد کا نشانہ بناکر قتل جبکہ دو کو زخمی کر دیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع موریگائوں کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہیمنتا کمار داس نے میڈیا کو بتایا ہے کہ مقامی ہندوئوں نے تین افراد کو ضلع کے علاقے اہت گرو میں مویشیوں کی چوری کے شبہ میں پکڑا اور انہیں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی تاہم بلوائیوں نے پولیس اہلکاروں پر بھی پتھرائو شروع کردیا۔پولیس نے بعد میں تین افراد کو بچا لیا تاہم ایک صدام حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔صدام حسین کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ دیگر دو افرادبلال علی اور میزار الحق کی حالت بہتر ہے اور ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔پولیس افسر نے مزید کہا کہ متعلقہ دفعہ کے تحت ہندوبلوائیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیںلائی ہے۔ زخمی ہونے والے پولیس اہلکار بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔