بھارت(نیوز ڈیسک ) بھارت میں الہٰ آباد ہائیکورٹ نے گیانواپی مسجد کے احاطے کا سائنسی بنیاد پر سروے روکنے کی مسلمانوں کی درخواست مسترد کرتے ہوئے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کو سروے جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
یہ مسجد وارانسی میں واقع ہے ،اس تاریخی مسجد کو چھ سو سال قبل اورنگزیب عالمگیر نے تعمیر کروایا تھا۔ہائیکورٹ نے 27 جولائی کو فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کااعلان کیا ہے ۔ مسلم پرسنل لا بورڈ کا کہنا ہے کہ گیانواپی مسجد 600 سال پرانی ہے اور اس وقت سے مسلمان یہاں نماز ادا کرتے آرہے ہیں۔ انتہا پسند ہندوؤں نے گیانواپی مسجد کے احاطے میں ہندو نشانات ہٹائے جانے کا دعویٰ کر رکھا ہے ۔