دنیا میں بڑے لوگوں کی عظمت کے بارے مختلف روایات مشہور ہیں ایک روایت کے مطابق انسان کے عظیم ہونے کی نشانی یہ ہے ان سے ملاقات کے بعد دوسرے آدمی کو اپنا وجود کمتر نہ لگے دل کی انجمن میں ان جیسا بننے کی امنگ رقصندہ ہو جائے، انسانوں کی عظمت والی روایت عمارتوں پر لاگو نہیں ہوتی، بڑی عمارت وہی ہے جسے دیکھ کر نہ صرف دل میں خوف پیدا ہو بلکہ اپنے وجود کی حقارت کا احساس انسان کو شرمندہ کرے اور سر اس کے جاہ جلال کے سامنے خودبخو شرم سے جھک جائے
مجھے اس بات کا احساس تب ہوا جب کولون شہر کے اسٹیشن سے باہر نکلتے ہی ایک پرشکوہ عمارت پر نظر پڑی دو بلند بالا میناروں کو دیکھ کر سر چکرا گیا حواس بحال ہوئے تو یقین نہ آیا میں بار سو سال پرانی عمارت کے سامنے کھڑا ہوں کولون کتھیڈرل گوتھک ارکیٹیکچر کی شاہکار ہے اور یونسکو کی عالمی ثقافتی ورثہ ہونے کے ساتھ شمالی یورپ کا سب سے بڑا گوتھک چرچ بھی ہے جرمنی یوں تو اپنی شاندار تاریخ اور ارکیٹیکچر کے حوالے سے دنیا بھر میں اپنی الگ شناخت رکھتا ہے مگر میرے لیے جرمنی کولون کیتھیڈرل ہے اس عظیم کلیسا کو دیکھ کر نہ صرف اپنے حقیر ہونے احساس ہوا بلکہ اس کی ہیبت اور جاہ و جلال کے سامنے سر عاجزی سے جھک گیا انسان جب کوئی کام کرنے کی ٹھان لے تو وہ کیا کر سکتا ہے کولون کیتھیڈرل اس کی مثال ہے ایک بے مثال معمار نے آسمان اور زمین کے درمیان فاصلے کو دو میناروں کے ذریعے اتنا کم کر دیا کہ مینار کے اوپر کھڑے ہو کر آسمان ہتھیلی پر اٹھایا جا سکتا ہے کولون کیتھیڈرل کو بننے میں یوں تو چھ سو سال سے زائد کا عرصہ لگا تاریخی کتب کی روشنی میں اس عظیم کلیسا کی تعمیر کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ تیرہویں صدی میں تین عقلمند مردوں کے نشانات کولون کو تحفے میں دیے گئے ان مقدس اثار کو رکھنے کے لیے ان کی شایان شان عمارت کی ضرورت پیش آئی اس وقت کے بادشاہ کے حکم پر ایک مہاں آرکیٹکٹ نے رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کرنے کا فاصلہ کیا اور دنیا کے نزدیک دیوانہ مشہور ہوا واقعی کولون کیتھیڈرل کا نقشہ بنانے والا دیوانہ آدمی تھا جسے شہرت دولت یا ان جیسی کسی اور چیز کی ہوس نہ تھی اس کے سامنے ایک خواب تھا ایک ناممکن لگنے والا خواب، اس خواب کو پورا کرنے کے لیے انہوں نے بہت پیچیدہ روڈ میپ بنایا اور نقشہ کو سامنے رکھ کر مزدوروں کے ساتھ چھینی ہتھوڑا لے کر اپنے خواب کی تعبیر میں جھٹ گئے، گو کہ ان کا خواب ان کی حیات میں مکمل نہ ہو سکا کم خوابی کی وجہ سے شدید تھکن اور زہنی دباؤ کا شکار ہوئے ایک دن کیتھیڈرل کی دہلیز پر اپنا چھینی ہتھوڑا رکھ کر نامعلوم منزل کی جانب سفر اختیار کیا اور کبھی نہ لوٹ کر آئے وقت کے ساتھ نہ صرف ان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا بلکہ ان کی ہنر مندی جرمنی کے دل میں ثبت ہو گئی اب وہ اس ملک کی شناخت ہے ہنر مندی کیسی بابرکات چیز ہے کولون کیتھیڈرل میں معماروں نے نہ صرف پتھر تراش عمدہ دیواریں اور مجسمے تخلیق کیے بلکہ ان بے جان پتھروں اور مجسموں میں روح پھونک دی ہیں افسردگی کی بات یہ ہے کہ ان مہاں میناروں کے آس پاس بلند بالا عمارتیں بن گئی ہیں مگر اس کے باوجود کیتھیڈرل کے میناروں کی عظمت قائم دائم ہے
مجھے عمارت کی ہیبت اور میناروں کی بلندی کے علاوہ مجسموں اور دیواروں پر کی گئی پیچیدہ کاری گری نے حیران کیا کتھیڈرل کی دیواروں پر سلیقے سے رکھی گئی اینٹوں سے معماروں کی ذہانت جھلکتی ہے نوکدار محرابیں پتھروں پر کی گئی نفیس نقش و نگار اور داغدار شیشے کی وسیع کھڑکیوں سے روشنی نئی زندگی کی نوید بن کر آترتی ہوئی محسوس ہوتی ہے اس عظیم عمارت کی تعمیر کے مرحلے میں بہت سی رکاوٹیں آئی ہونگی تعمیر کے بعد دوسری جنگ عظیم کے موقع پر شدید بمباری کے گھاؤ سہہ کر بھی اپنے پیروں پر پورے مان سے کھڑی رہی، بم گرانے والے، بم بنانے والے راکھ ہوئے وقت نے ان کی موجودگی کے تمام نقوش مٹا دیے وقت نے بتا دیا کہ زندہ رہنے والی چیز مہانتا، محبت اور عظمت ہوتی ہے کولون کیتھیڈرل کی جاہ و حشمت کو دوام مل گیا اور اس کو نقصان پہنچانے ہاتھ راکھ ہوئے عظمت اسی کا نام ہے آج دنیا بھر سے لوگ اس کے دروازے پر حاضری دینے آتے ہیں تصویریں بناتے ہیں محبت کرنے والے ساری عمر ساتھ نبھانے کا عہد کرنے کے لیے انگوٹھیاں لے کر اس کی دہلیز تک اتے ہیں اور ان سے شبھ کامنائیں لے کر نئی زندگی اغاز کرتے ہیں۔
ذکر اُس غیرتِ مریم کا جب آتا ہے فراز
گھنٹیاں بجتی ہیں لفظوں کے کلیساؤں میں