اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) اگر آپ روزانہ کچھ گھنٹے سوشل میڈیا پر گزارتے ہیں تو کچھ عرصے قبل وائرل ہونے والی گیم ورڈل کے بارے میں ضرور سنا ہوگا۔ اور یہ گیم اتنی زیادہ پسند کی گئی کہ 2022 میں دنیا بھر میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا لفظ ورڈل ہی قرار پایا۔
گوگل کی 2022 کی مقبول ترین سرچز کی عالمی فہرست میں سب سے زیادہ مقبول سرچ ٹرینڈ ورڈل کے نام رہا۔
امریکا میں بھی ورڈل کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔
جوش ورڈل نے اس گیم کو کورونا وائرس کی وبا کے دوران اپنی گرل فرینڈ پلک شا کو دیے جانے والے تحفے کے طور پر تیار کیا جو 2020 میں عوام کے لیے متعارف کرائی گئی۔ مگر اسے مقبولیت 2021 کے آخر میں حاصل ہوئی جس کی متعدد نقول بھی تیار ہوئیں۔ اس گیم کے پزل حل کرنے کے لیے لوگوں کی جانب سے گوگل کا سہارا لیا جاتا ہے۔ ورڈل سے ہٹ کر بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ میچ کو دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا جبکہ یوکرین کے حصے میں تیسرا نمبر آیا۔ ستمبر میں ملکہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد ان کے بارے میں جاننے کے لیے لوگوں نے گوگل کا رخ کیا اور یہ اس فہرست میں چوتھی مقبول ترین سرچ ثابت ہوئی۔ بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان کرکٹ میچ 5 ویں، ورلڈکپ چھٹے، بھارت اور ویسٹ انڈیز کا میچ 7 ویں جبکہ آئی فون 14 کے حصے میں 8 واں نمبر آیا۔
جہاں تک شخصیات کی بات ہے تو اس سال جونی ڈیپ، ول اسمتھ اور امبر ہرڈ بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔
ان اسٹارز کے تنازعات کے باعث دنیا بھر کے لوگ ان کے بارے میں سرچ کرتے رہے۔
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن چوتھے نمبر پر رہے جبکہ آسکر ایوارڈز میں ول اسمتھ سے تھپڑ کھانے والے کامیڈین کرس راک کے حصے میں 5 واں نمبر آیا۔
گوگل پر لوگوں نے جن خبروں کو سب سے زیادہ سرچ کیا، ان میں یوکرین کا نام سرفہرست رہا۔
اس کے بعد برطانوی ملکہ کا انتقال دوسرے، امریکی انتخابات کے نتائج تیسرے، پاور بال نمبرز چوتھے جبکہ منکی پاکس کے حصے میں 5 واں نمبر آیا۔
اداکاروں کی فہرست میں سرفہرست نام جونی ڈیپ (پہلے)، ول اسمتھ (دوسرے) اور امبر ہرڈ (تیسرے) کے رہے جبکہ کرس راک اور جیڈا اسمتھ چوتھے اور 5 ویں نمبر پر رہے۔