سرد موسم کے آغاز کے ساتھ ہی وائرل انفیکشنز جیسے نزلہ، زکام، فلو، کھانسی اور سانس کی بیماریاں تیزی سے پھیلنے لگتی ہیں۔ یہ خطرہ خاص طور پر بچوں، بزرگوں، اور کمزور مدافعت والے افراد میں زیادہ ہوتا ہے۔
سردی میں لوگ زیادہ تر بند کمروں میں رہتے ہیں، جہاں وائرس آسانی سے پھیلتے ہیں۔ خشک ہوا ناک اور گلے کی جھلیوں کو خشک کر دیتی ہے، جو جسم کی قدرتی حفاظتی دیوار کمزور کرتی ہے۔
مزید برآں درجہ حرارت کم ہونے سے مدافعتی نظام کی کارکردگی بھی سست ہو جاتی ہے۔
بچاؤ کے مؤثر طریقے:
1. گرم رہیں
ٹھنڈی ہوا اور بار بار درجہ حرارت کی تبدیلی سے بچیں۔ جسم کو گرم رکھنے کے لیے تہہ دار (layered) لباس پہنیں۔
2. صحت مند غذا
وٹامن سی اور زنک والی غذائیں مدافعت بڑھاتی ہیں۔ پانی، سوپ اور ہربل چائے زیادہ پئیں تاکہ جسم ہائیڈریٹ رہے۔
3. صفائی کا خیال رکھیں
ہاتھ بار بار دھوئیں یا سینیٹائزر استعمال کریں۔ چھینکنے یا کھانسنے کے وقت منہ ڈھانپیں اور استعمال شدہ ٹشوز فوراً پھینک دیں۔
4. ماسک اور فاصلہ
اگر کسی کو نزلہ یا کھانسی ہے تو قریب جانے سے گریز کریں۔ ہجوم والی جگہوں میں ماسک پہننا فائدہ مند رہتا ہے۔
5. گھریلو ماحول بہتر رکھیں
کمرے میں ہوا کی آمد و رفت برقرار رکھیں یعنی روزانہ تھوڑی دیر کے لیے کھڑکیاں کھولیں۔ہیٹر استعمال کرنے سے پہلے کمرے میں نمی برقرار رکھنے کے لیے پانی کا پیالہ رکھیں۔
6. فلو ویکسین
سالانہ انفلوئنزا ویکسین لگوانا بہترین احتیاط ہے، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور حاملہ خواتین کے لیے۔