سرینگر(نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں 10دسمبر کومنائے جانیوالے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر سرینگر اوردیگر علاقوں میں چسپاں کئے گئے پوسٹر وں میں عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی کی جانب مبذول کرائی گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہر سال 10دسمبر کو دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 1948 میں انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ منظور کیاتھا۔جموں وکشمیر صدائے مظلوم ، جموں وکشمیر جسٹس اینڈ پیس انیشی ایٹو اور دیگر متعدد گروپوں کی جانب سے چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکو اجاگر کیا گیا ہے۔بھارتی ریاستی دہشت گردی کے متاثرین اور مختلف جیلوں میں نظربند دیگر سیاسی نظربندوں کی تصاویر والے پوسٹروںکے ذریعے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی توجہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف مبذول کرائی گئی ہے۔ پوسٹروں پر درج تحریریوں میں کہاگیا ہے کہ کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت سمیت تمام بنیادی حقوق سے محروم کردیاگیا ہے ۔ پوسٹروں میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارتی فوجی محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں اور جعلی مقابلوں میںبے گناہ کشمیریوں بالخصوص نوجوانوں کو قتل کر رہے ہیں اور ان کی میتوں کو تدفین کے لیے ورثا کے حوالے بھی نہیں کیاجاتا ہے ۔پوسٹروں میں انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کاسخت نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔
مقبوضہ کشمیر : پوسٹروں کے ذریعے عالمی برادری کی توجہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی جانب مبذول کرائی گئی
مناظر: 383 | 9 Dec 2022