سرینگر22اگست(نیو زڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک وحدت اسلامی کے سرپرست نثار حسین راتھر آج سرینگر میں انتقال کر گئے۔
نثار حسین راتھر طویل عرصے سے شوگر کے مرض میں مبتلا تھے اور گزشتہ دنوں ان کے بلڈ شوگر میں اچانک اضافے کے باعث ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی ۔ انہیں آج صبح سرینگر کے علاقے بمنہ میں واقع اپنے گھر پر دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیںسرینگر کے جے وی سی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتقال کرگئے۔نثار حسین راتھر کو نماز ظہر کے بعد بمنہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ معروف عالم دین آغا سید ہادی نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں تحریک وحدت اسلامی کے رہنمائوں اور کارکنوںسمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نثار حسین راتھر کا شمار تحریک وحدت اسلامی کے بانی ارکان میں ہوتا ہے۔انہوں نے اپنی زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لئے وقف کی تھی۔ انہوں نے کئی بار قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن ان کے پایہ استقلال میں کبھی کوئی لغزش نہیں آئی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت اور تحریک وحدت اسلامی جموں و کشمیر نے سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں نثار حسین راتھر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے وطن کو بھارتی قبضے سے آزاد کرانے کے لیے کشمیری عوام کی جدوجہد میں مرحوم کی بے لوث خدمات اور مثالی کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نثار حسین راتھر نے اپنی زندگی حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کے لیے وقف کر دی تھی۔ان کے اہل خانہ اور دوستوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان اور دوستوں کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی ہمت اور توفیق عطا فرمائے ۔