جموں25 اگست (نیوز ڈیسک )” جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (جے سی سی آئی) نے جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر ضلع سانبہ کے علاقے Sarore میں ٹول ٹیکس کی وصولی اور سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے خلاف کل بروز ہفتہ جموں میں ہڑتال کی کال دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کا اعلان چیمبر کے صدر ارون گپتا نے جموں میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر چیمبر کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز اور جموں بار ایسوسی ایشن بھی ہڑتال کی کال کی حمایت کر رہے ہیں۔
یہ کال سرور ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس کی وصولی اور سمارٹ میٹروں کی تنصیب پر برہمی کا اظہار کرنے والے جموں کے مشتعل لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے دی گئی ہے۔ سرور ٹول پلازہ پر ٹیکس کی وصولی اور سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے خلاف جموں کے مختلف حصوں میں گزشتہ کئی دنوں سے احتجاج جاری ہے۔
جے سی سی آئی کے صدر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ہڑتال کی کال کا فیصلہ چیمبر ہاو¿س میں منعقدہ مختلف تجارتی انجمنوں اور ٹرانسپورٹرز یونینوں کے اجلاس میں کیا گیا۔
گپتا نے کہا کہ ہڑتال کی حمایت میں ہفتہ کو جموں میں تمام کاروباری ادارے بند رہیں گے تاکہ انتظامیہ کو مطالبات ماننے پر مجبور کیا جا سکے جن میں سرور ٹول پلازہ کو ہٹانے اور سمارٹ میٹروں کی تنصیب کو روکنا بھی شامل ہے۔