سرینگر(نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے تنظیم کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کی گھر میں مسلسل نظربندی اور انہیں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے کی شدید مذمت کی ہے۔
انجمن نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ قابض انتظامیہ نے میر واعظ کو آج مسلسل 209ویں جمعہ کو بھی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی اور وعظ و تبلیغ کی اجازت نہیں دی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ میرواعظ کی طرف سے قابض حکام کو انکی نظر بندی پر اپنی پوزیشن واضح کرنے اور غیر قانونی نظر بندی سے رہائی کیلئے ایک ہفتہ قبل بھیجے گئے قانونی نوٹس کے باوجود انہیں جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے ۔
ادھرآج آپریشن جامع مسجد کے 34سال مکمل ہونے کے موقع پر انجمن اوقاف نے اس بدنام زمانہ آپریشن کو یاد کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیر کے اس اولین مذہبی اور عوامی مرکز کی حیثیت سے جامع مسجد کی مرکزیت کو کمزور کرنے کی بارہا کوششیں ماضی میں بھی ناکام ہو چکی ہیں اور انشا اللہ مستقبل میں بھی کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔