سرینگر11ستمبر(نیوز ڈیسک )بھارت نے کشمیری معیشت کو مزید کمزور کرنے اور پھلوں کی صنعت کونقصان پہنچانے کے لئے سیب سمیت متعدد امریکی مصنوعات پر اضافی ڈیوٹی ہٹانے کافیصلہ ہے جس پر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے شدید تنقید کی ہے۔
پی ڈی پی کی سربراہ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ وہ اس فیصلے پر نظر ثانی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔محبوبہ مفتی کا یہ ردعمل بھارتی حکومت کی طرف سے سیب، اخروٹ اور بادام سمیت مختلف امریکی مصنوعات پر اضافی ڈیوٹی ہٹانے کے فیصلے کے ردعمل میں سامنے آیا ہے۔اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ ایکس پر محبوبہ مفتی نے کہاکہ سیب، اخروٹ اور بادام پر اضافی ڈیوٹی ہٹانے کے بھارتی حکومت کے فیصلے سے جموں و کشمیر کے مقامی کاشتکاروں پر تباہ کن اثرات مرتب ہونگے جو 2019کے بعدپہلے ہی شدید نقصانات سے دوچار ہیں۔