سرینگر(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کشمیری کاشتکاروں کی قیمت پر امریکہ کو خوش کر رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انہوں نے یہ بات مودی حکومت کی طرف سے امریکہ سے پھلوں کی درآمد پر اضافی ڈیوٹی ہٹانے کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہی۔ فاروق عبداللہ نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جب جی 20اجلاس کے موقع پر رعایتوں کا اعلان کیا گیا تو یہ نہیں سوچا گیا کہ اس کا ہماری معیشت پر کیا اثر پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ اس کا اثر نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ پر بھی پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ سیب اور اخروٹ ہماری معیشت کا ایک بڑا حصہ ہیں۔انہوں نے بھارتی حکومت پر زوردیاکہ وہ ایسا قدم نہ اٹھائے جس سے مقبوضہ جموں وکشمیرکی پہلے سے غریب آبادی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو۔انہوں نے کہاکہ اگر حکومت نے عوام کے لیے آسانیاں پیدا نہ کیں تو ہم سڑکوں پر آکر احتجاج کریں گے۔