اسلام آباد15 ستمبر (نیوز ڈیسک ) آج دنیا بھر میں جمہوریت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے لیکن دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کا دعویدار بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو انکاجمہوری حق دینے سے مسلسل انکار کر رہا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں تمام جمہوری اقدار پامال کر رہا ہے، مقبوضہ علاقہ مسلسل بھارتی فوج کے محاصرے میں ہے ۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کے خود تعین کے جمہوری حق، حق خودارادیت سے مسلسل محروم رکھ کر خود کو ایک شرمناک جمہوریت ثابت کیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجی روز بیگناہ کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کر رہے ہیں اور قابض فوجیوں کی یہ سفاکیت اور درندگی بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا اصل چہرہ ہے ۔5 اگست 2019جب مودی حکومت نے غیر قانونی طورپر جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر دیا تھا ،کے بعد سے مقبوضہ علاقے کی صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے ۔ رپورٹ میں واضح کیاگیا ہے کہ گزشتہ 7 دہائیوں سے بھارتی ظلم و بربریت کا نشانہ بننے کے باوجود کشمیری عوام اپنی منصفانہ جدوجہد آزادی کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں اور مودی کی ہندوتوا حکومت فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کودبا نہیں سکتی ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری مودی کے بھارت کا حقیقی چہرہ پہچانے کہ وہ صرف نام نہاد جمہوریت کے لبادے میں لپٹی ایک ہندو فسطائی بنیاد پر ست ریاست ہے ۔ رپورٹ میں اقوام متحدہ پر زوردیاگیاہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاصہ کرے اور کشمیریوں کو انکا سلب شدہ انکا حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔