سرینگر16ستمبر(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول کے لیے جس کا وعدہ ان سے اقوام متحدہ نے کررکھا ہے، منصفانہ جدوجہد کررہے ہیں اور وہ اس جدوجہد کو ہر قیمت پراپنے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں غلام محمد خان سوپوری، سلیم زرگر، یاسمین راجہ، فریدہ بہن جی، محمد یوسف نقاش اور غازی منظور نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کوعالمی سطح پر ایک جائز جدوجہد کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی متعدد قراردادوں کے ذریعے جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی قانون کشمیری عوام کو ناجائز بھارتی قبضے سے اپنے وطن کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنے کا حق دیتا ہے۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ موجودہ تحریک آزادی جو مقبوضہ جموں وکشمیر کے عام آبادی کے جذبات کی عکاسی کرتی ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے نفاذ تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جعلی آپریشنوں اور منظم پروپیگنڈے کے ذریعے تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کو یاد رکھنا چاہیے کہ آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے لوگوں کو دہشت گردی سے نہیں جوڑا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ظلم وجبرکا سہارا لے کر کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو دبا نہیں سکتی ۔انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرے اور جموں و کشمیر میں رائے شماری کے انعقاد کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔