ٹورنٹو (نیوز ڈیسک ) کینیڈا نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ کینیڈین انٹیلی جنس نے ہردیپ کی موت اور بھارتی حکومت کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے کہ کہ یہ معاملہ جی 20 اجلاس میں بھارتی وزیراعظم مودی کے ساتھ اٹھایا تھا، کینیڈین سرزمین پرشہری کے قتل میں غیرملکی حکومت کا ملوث ہونا ہماری خودمختاری کیخلاف ہے۔ دوسری جانب بھارت اور کینیڈین حکومت کے تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں،کینیڈا نے بھارتی سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا بھی حکم دے دیا جبکہ کینیڈا میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کےسربراہ کو ملک بدر کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ خالصتان کے حامی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں 18 جون کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا ۔ ہردیپ سنگھ کے قتل کے خلاف سکھوں نے لندن سمیت دنیا بھر میں مظاہرے بھی کیے۔