اسلام آباد(نیوز ڈیسک) انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں وزیر اعظم پاکستان کی معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں خوف ودہشت کاماحول قائم کر رکھا ہے اور وہ علاقے میں جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشعال ملک نے گوجر خان کے قریب ایک نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں فری دسترخوان اور فری ہیلتھ کیئر سوسائٹی کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے مودی کی ایک طویل فہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نہ صرف بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث ہے بلکہ ہندوتوا حکومت باقی دنیا میں بھی دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے میں ملوث پائی گئی ہے۔انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے پر انہوںنے کہا کہ سفاک بھارتی فورسز کے اہلکار کشمیریوں کے خلاف کریک ڈائون کررہی ہیں اور آزادی کی خاطران کی آواز کو دبانے کے لیے انہیں بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی فورسز کی ظالمانہ ا ور غیر انسانی کارروائیوں پر خاموش ہیں۔