سرینگر25ستمبر(نیوزڈیسک ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑکے خطاب کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی طرف سے سراہنے کا سلسلہ جاری ہے جس میں انہوں نے عالمی فورم پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیاتھا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے آج سینٹرل جیل سرینگر سے ایک پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ میں وزیراعظم کی تقریر نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کو بے نقاب کر دیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری بین الاقوامی فورمز پر ان کی نمائندگی کرنے اور حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہدکی غیر متزلزل حمایت کرنے پر پاکستان کے مقروض ہیں۔سرینگر میں دیگر حریت رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی واحد امید ہے اور ان کے دل پاکستانی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے پر پاکستان، او آئی سی، ترکی ،سعودی عرب اور دیگر تمام اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت نے جس طرح کشمیر کے مقدمے کو لڑا ہے اس سے کشمیر کاز کے لیے اس کے عزم، خلوص اور لگن کا پتہ چلتا ہے۔