سرینگر(نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری شیخ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے پانی، کوئلے کی کان کنی اور معدنی وسائل کو غیر مقامی لوگوں کو لیز پردینے کے بعد جموں کے لیتھیم کے ذخائر کو برائے فروخت رکھ دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مصطفی کمال نے یہ بات سرینگر میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے جذبات، احساسات اور امنگوں کی کوئی پرواہ نہیں ۔ انہوں نے علاقے کے لوگوں کے مسائل اور مشکلات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔
دریں اثناء پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ پانی اور معدنی وسائل کے بعد لیتھیم کے ذخائر کا استحصال کیاجائے گا اور بی جے پی کے سرمایہ داروں کو تحفے میں دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو جو حصہ ملے گا ، ہمیںاس کا حساب مانگنا چاہئے۔