جموں(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انڈین نیشنل کانگریس کے ورکنگ صدر رمن بھلا نے کشمیری عوام کی منفردشناخت کو مسخ اور خصوصی حیثیت کو منسوخ اورتمام بنیادی حقوق کوسلب کرنے مودی کی بھارتی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت دانستہ طورپ مقبوضہ علاقے میں انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کر رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رمن بھلا نے جموں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قابض حکام کشمیریوں کو درپیش مشکلات کودور کرنے کے بجائے سستی شہرت کے حصول اور جھوٹے وعدوں کے ذریعے عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے ڈھٹائی سے فوٹو سیشنز کرارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت جان بوجھ کر کشمیر اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد اور جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے میں تاخیر کر رہی ہے۔ رمن بھلا نے کہاکہ کشمیری عوام کو مودی حکومت کے خلاف فیصلہ کن لڑائی کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے جموں و کشمیر کے عوام کو مکمل طور پر نظر انداز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی نفرت کی سیاست خطرناک ہے ۔انہوں نے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ فرقہ وارانہ اور نفرت پھیلانے والی قوتوں کو مسترد کریں اور سیکولر اور ترقی پسند قوتوں کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ مقبوضہ علاقے کی یکجہتی اور سالمیت کو مضبوط کیا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی جانتی ہے کہ اسے انتخابت میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا یہی وجہ ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انتخابات منعقد نہیں کرارہی ہے ۔