اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) خیبر پختونخوا کے ضلع مرادن کی تحصیل کاٹلنگ میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشت گرد رنگ لیڈر فیصل ہلاک ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کے خفیہ آپریشن میں ہلاک ہونے والا دہشت گرد رنگ لیڈر فیصل دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد رنگ لیڈر فیصل قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا، مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کرم کے علاقے پارا چنار میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ساتھ ایک اور مقابلہ کیا جس میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر انداز میں پتا لگایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلے میں لانس نائیک غیرت خان دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان مقابلہ 28 اور 29 ستمبر کی رات ہوا۔