سرینگریکم اکتوبر(نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی فوجی کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبے کو دبانے کے لیے بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ فوجی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھر وں پرچھاپوں کے دوران بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو ان کے گھروں، گلیوں اور سڑکوں سے گرفتار اور اغوا کررہے ہیں اور بعد میں انہیں جعلی مقابلوں میں ماورائے عدالت قتل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ ستمبر میں وادی کشمیر اور جموں خطے کے کپواڑہ، پونچھ، راجوری اور ریاسی اضلاع میں متعدد نوجوانوں کو شہید کیا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے جنوری 1989 سے اب تک 8ہزارسے زائد بے گناہ کشمیریوں کو دوران حراست لاپتہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان افراد کے اہل خانہ کو خدشہ ہے کہ فورسزاہلکاروں نے ان کے عزیزوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر کے نامعلوم مقامات پر اجتماعی قبروں پر دفن کر دیا ہے جن کی دریافت پورے علاقے میںہوچکی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ جعلی مقابوں میں کشمیریوں کا قتل اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری مودی حکومت کی نسل کشی کی پالیسی کا نوٹس لے اورتنازعہ جموں وکشمیر کے سیاسی اور پرامن حل کے لئے عملی اقدامات کرے۔