سرینگر(نیوز ڈیسک ) کسی بھی حملے یا کارروائی کا الزام پاکستان کے سر تھونپنا بھارت کی عادت بن چکی ہے۔پلوامہ حملہ ہو ، پٹھانکوٹ ہو یاپھر اوڑی حملہ ، بھارت نے ان سب کا ذمہ پاکستان کو ٹھہرایا لیکن ان حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بارے میں وہ آج تک کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کرسکتا۔
ایک جرمن صحافی Elias Davidson نے اپنی کتاب“The Betrayal of India: Revisiting the 26/11 Evidence” میں لکھا ہے کہ بھارت 1971 سے آج تک جھوٹے فلیگ آپریشنز کی ایک خوفناک تاریخ رکھتا ہے، جب بھارت کو لگتا ہے کہ وہ اندرونی خلفشار سے نمٹنے کے قابل نہیں ہے تو بھارتی رہنما سیاسی فائدے کے لیے جھوٹے فلیگ آپریشن شروع کر دیتے ہیں۔
بھارت بے بنیاد الزامات کے ذریعے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کاکوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتالیکن اسے منہ کی کھانی پڑ رہی ہے ۔ کینڈا میںسکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجرکے قتل میں بھارتی ایجنسیوں کے ملوث ہونے کے حالیہ انکشافات سے بھارت کو عالمی سطح پر بدترین رسوائی اٹھانا پڑی ہے ، بھارت نہ صرف مقبوضہ جموںوکشمیر میں بلکہ ملک بھر میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف بدترین ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے ،وہ دنیا کے دیگر ملکوںمیں بھی اپنے مخالفین کے خلاف سفاکانہ کارروائیوں میں ملوث ہے جسکی تازہ مثال ہردیپ سنگھ نجر کا قتل ہے۔ بھارت نے کشمیریوں کا حق خود ارادیت سلب کر کے جنوبی ایشیا کا استحکام خطر ے میں ڈال رکھا ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے۔