جموں (نیوز ڈیسک ) بھارتی پیراملٹری سنٹرل ریزرو پولیس فورس کا ایک ہیڈ کانسٹیبل اتوار کو جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں پراسرار طورپر گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ سی آرپی ایف اہلکار کی شناخت راکیش کمار کے نام سے ہوئی ہے جو بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع جھنجھونو کے علاقے مکند گڑھ کا رہائشی تھا۔وہ چھٹی کے بعد حال ہی میں دوبارہ ڈیوٹی پر آیاتھا۔ پولیس نے بتایاکہ آج صبح گولی چلنے کی آواز سن کر فوسز اہلکار چوکس ہوگئے اور اپنی بیرکوں سے باہر نکل آگئے۔ انہوں نے مذکورہ اہلکارکو ہائی سیکورٹی جیل کے مرکزی دروازے پر خون میں لت پت پایا اور اس کی سروس رائفل اس کے قریب ہی پڑی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے خودکشی کا شبہ ہوتا ہے تاہم اصل وجہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی۔