انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ کے بھارتی شہر احمد آباد میں ہونے والے میچز کے دوران دہشت گردی کا خطرہ ہے۔ یہ دعویٰ بھارتی میڈیا کر رہا ہے۔ کرکٹ کا عالمی میلہ چار برس کے بعد کل سے بھارت میں سجنے کو ہے، دُنیا کی 10 بہترین ٹیمیں چمچماتی ٹرافی حاصل کرنے کے لیے بھارت کے 10 شہروں میں مقابلہ کریں گی۔ ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ پچھلے میگا ایونٹ کی دفاعی چیمپئن انگلینڈا ور رنرز اپ نیوزی لینڈ کے درمیان کل احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ تاہم ورلڈکپ شروع ہونے سے قبل بھارتی میڈیا دعویٰ کر رہا ہے کہ ورلڈکپ کے احمد آباد میں ہونے والے میچز کے دوران دہشت گردی کا خطرہ ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ احمد آباد میں ہونے والے میچز میں دہشت گردوں کی جانب سے حملے کی دھمکی دی گئی ہے جس کے بعد احمد آباد اسٹیڈیم اور اطراف میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد اسٹیڈیم اور اطراف میں 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ میچز کے دوران اسٹیڈیم جانے والی سڑک کو مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ احمد آباد اسٹیڈیم میں میچ کے دوران موبائل فون کے علاوہ کوئی چیز اندر لےجانے کی اجازت نہیں ہوگی۔واضح رہے کہ احمد آباد میں ورلڈکپ کے افتتاحی اور پاک بھارت میچ سمیت کل 5 میچز شیڈول ہیں، آئی سی سی ورلڈکپ کا فائنل میچ بھی احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈکپ میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد اسٹیڈیم میں ہوگا۔