جموں(نیوز ڈیسک ) کمیونسٹ پارٹی فار انڈیا مارکسسٹ کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے کہا ہے کہ مودی حکومت غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں محنت کش طبقے کو معمولی اجرت پر کام کرنے پر مجبور کر کے ان کا استحصال کر رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یوسف تاریگامی نے جموں کے ہری سنگھ پارک میں کمیونٹی ہیلتھ ورکرز کی ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر میں سوشل ہیلتھ ورکز طویل عرصے سے اپنے مطلبات کے حق میں مختلف ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کر رہی ہیں۔تاہم انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ ان کے مطالبات ماننے کیلئے تیار نہیں ہے ۔یوسف تاریگامی نے جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ بھارتی قابض انتظامیہ کے امتیازی سلوک کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ سوشل ہیلتھ ورکز کو مقبوضہ علاقے میں صرف 2000 روپے کا معمولی معاوضہ دیا جاتا ہے جب کہ ہندوستان میں ان کارکنوں کامعاوضہ 15سے 18ہزارروپے ماہانہ ہے۔