کراچی(نیوز ڈیسک )آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ہدایت دی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اور دیگر سرکاری ادارے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کراچی کا دورہ کیا اور انہوں نے نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے ہمراہ صوبائی اپیکس کمیٹی اجلاس میں شرکت کی۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ آرمی چیف کو اپیکس کمیٹی اجلاس میں نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان اور سندھ کے کچے کے علاقے میں آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو سی پیک اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے غیرملکیوں کی سکیورٹی اور غیرقانونی طورپرمقیم غیرملکیوں کی واپسی کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر کو غیرملکی کرنسی کی ریگولرائزیشن کے اقدامات، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان، ایس آئی ایف سی اقدامات پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھاکہ قانون نافذ کرنے والے اور دیگر سرکاری ادارے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں، کارروائیوں سے وسائل کی چوری اور اس سے ملک کو ہونے والے معاشی نقصانات کو روکا جا سکے گا۔نہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے مابین باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔اپیکس کمیٹی کے شرکا نے کہا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔