سرینگر(نیوز ڈیسک ) کشمیرکے ایوان صنعت و تجارت نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری بجلی کے بحران کی بنیادی وجوہات کاپتہ لگانے کیلئے ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایوان کے صدر جاوید ٹینگا نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بیرونی ذرائع سے اضافی بجلی کی خریداری کے حوالے سے قابض حکام کی یقین دہانیوں کے باوجود مقبوضہ علاقے میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال میں کوئی خاطر خواہ بہتری نہیں آئی ہے۔ بجلی کے بحران سے نہ صرف تجارت اور صنعتوں دونوں سے وابستہ لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے قابض حکام پر زور دیا کہ وہ ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دیں جو صارفین کودرپیش بجلی کے بحران کے ذمہ دار عوامل کی نشاندہی کرے ۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کے لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے متعددانڈسٹریل اسٹیٹس میں کام بند ہے۔جاوید ٹینگا نے کہا کہ ایوان گزشتہ کئی ہفتوں سے وادی میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ کے خلاف اپنی آواز بلند کر ہا ہے ۔انہوں نے کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ کی غلط پالیسیوں پر شدید تشویش اور مایوسی کا اظہار کیا۔