نئی دلی (نیوز ڈیسک )بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے مودی حکومت پر اپنے سیاسی فائدے کے لیے فوج کو استعمال کرنے پر کڑی تنقید کی ہے ۔
کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں مودی حکومت کی طرف سے سرکاری منصوبوں کی تشہیر کے لیے فوج کے استعمال کو ایک گھٹیا کوشش قراردیا ہے۔ انھوں نے بھارتی صدر دروپدی مرمو سے اس معاملے میں فوری مداخلت کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ کانگریس لیڈر نے اپنی پوسٹ میں اُس میڈیا رپورٹ کو بھی منسلک کیا ہے جس میںدعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی فوج ملک بھر میں مودی حکومت کے سرکاری منصوبوں کی تشہیر میں مدد کرے گی۔ جئے رام رمیش اس رپورٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مودی حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ بھارتی فوج پورے ملک کی فوج ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ”ساڑھے نو سال کی حکومت کے دوران مہنگائی، بے روزگاری اور تمام محاذوں پر ناکام رہنے کے بعد مودی حکومت اب اپنی سیاسی تشہیر کیلئے فوج کواستعمال کرنے کی بے حد گھٹیا کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فوج کو سیاست کیلئے استعمال کرنا ایک بے حد خطرناک قدم ہے۔جئے رام رمیش نے اپنے پوسٹ کے آخر میں لکھا ہے کہ بھارتی افواج کی کمانڈران چیف صدر دروپدی مرمو جی سے ہماری گزارش ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کر کے مودی حکومت کو اس غلط اقدام کو فوراً منسوخ کرنے کی ہدایت کریں۔