لاہور(نیوز ڈیسک )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف آج وطن واپس آئیں گے اور لاہور میں جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے۔اس حوالے سے مینار پاکستان پر جلسے کی تیاریاں بھی جاری ہیں، جہاں شہباز شریف اور مریم نواز نے دورہ کرکے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
لاہور میں نواز شریف کے استقبال کے لیے کراچی، کوئٹہ، گلگت، مظفرآباد سمیت مختلف شہروں سے ٹرینوں اور بسوں میں قافلے پہنچنا شروع ہوگئے، مینار پاکستان گراؤنڈ میں مسلم لیگ ن کے جلسے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔نواز شریف کے خطاب کیلئے مرکزی سٹیج تیار کر لیا گیا ہے جبکہ پنڈال میں 40 ہزار کرسیاں لگانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور سندھ سمیت دیگر علاقوں سے آنے والے کارکنوں کیلئے کھانے کے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے خطاب کیلئے 40 فٹ اونچا اسٹیج بنایا گیا ہے، اسٹیج کے پیچھے سیکیورٹی کیلئے 3 کنٹینرز لگائے گئے ہیں، سٹیج کے اردگرد گراؤنڈز کو جست کی چادروں سے کور کیا گیا ہے جبکہ اسٹیج کے اِردگرد خار دار تار لگا دیے گئےہیں، جلسہ گاہ میں بڑی بڑی لائٹس اور مسلم لیگ ن کے جھنڈے لگا دیے گئے ہیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خصوصی چارٹرڈ طیارے کی دبئی سے پاکستان روانگی کیلئے پرواز FZ4525 دبئی سے 9:25 پر اڑان بھرے گی، طیارہ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12:30 پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گا۔سی اے اے کا کہنا ہے کہ طیارہ واپس اسلام آباد سے لاہور کے لیے 2:30 پر روانہ ہو گا جو 3:20 پر علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور پر لینڈ کرے گا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پرواز کو اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس پر لینڈنگ کی اجازت دے رکھی ہے۔