اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ آج کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملک دشمن سازشی عناصر کے حوصلے بڑھیں گے۔
سپریم کورٹ کے فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کے فیصلے پر ڈپٹی سیکریٹری جنرل مسلم لیگ ن عطا اللّٰہ تارڑ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے 9 مئی کو ایک مذموم سازش کے تحت قومی سلامتی کے ادارے پر حملے کروائے، شہداء کی یادگاروں کو گرانے والے قومی مجرم ہیں اور کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ عطا اللّٰہ تارڑ نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ 9 مئی کے ملزمان کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل کیے جانے کی قرارداد جون میں منظور کر چکی ہے، پارلیمنٹ کی اس قرارداد کی موجودگی میں سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی گنجائش نہیں بنتی۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ملٹری کورٹس کے فیصلوں کے خلاف اپیل کا حق موجود ہے، قانونی سسٹم میں بہت سی خامیاں موجود ہیں جس سے ملزمان سزا سے بچ جاتے ہیں، پوری دنیا میں اسپیشل کورٹس بنائے جانے کی مثالیں موجود ہیں۔