اسلام آباد (نیوزڈیسک) فیک انکاؤنٹرز کی سپیشلسٹ بھارتی فوج کا ایک اور فالس فلیگ آپریشن بری طرح ناکام ہوگیا ۔
ہندوستان کی ایک اور بھونڈی سازش بے نقاب، ہزیمت اور رسوائی بھارتی فوج کا مقدر بن چکی ہے ، وادی نیلم کی گریس ویلی ساؤناڑ سے تعلق رکھنے والے پانچ نوجوان جڑی بوٹی کی تلاش میں گھر سے نکلے اور واپس نہیں آئے ۔
گمشدہ افراد میں محمد فیض ولد منگٹا، شیر افضل ولد نور عالم، صدیق ولد طواسین ، غلام رسول ولد خان ولی عمر 33 سال اور سرفراز ولد حافظ اللہ شامل ہیں۔
متاثرہ گھر والوں نے گمشدگی کی رپورٹ مقامی پولیس کو درج کروا دی، دو دن بعد اچانک را سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ہندوستانی اخباروں نے جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا شروع کر دیا ۔
را سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے پانچ نام نہاد دہشتگردوں کو پکڑنے کا ڈھونگ رچانا شروع کر دیا ، کچھ دیر بعد ہندوستانی اخباروں اور بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے ان پانچ افراد کو مارے جانے کا ڈھونگ بھی شروع کر دیا ۔
خدشہ ہے بھارتی قابض افواج نے ان جوانوں کو جو غلطی سے ایل او سی کراس کر گئے کو شاید مار دیا ہے، بھارتی فوج اور جنونی میڈیا معصوم لوگوں کو دہشتگردی سے جوڑ کر دراندازی کا جھوٹا الزام پاکستان پر لگانا شروع ہوگیا ہے۔
کینیڈا، قطر، انگلینڈ اور دنیا میں ہزیمت اٹھانے کے بعد ہندوستان پوری دنیا میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہا ہے ، سکیورٹی ماہرین مودی سرکار سیاسی فائدے اور جگ ہنسائی کو چھپانے کیلئے پاکستان کے خلاف گھٹیا اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔
یاد رہے ایک روز قبل قطر نے 8 بھارتی نیوی افسران کو جاسوسی کے الزام میں سزائے موت سنائی تھی، اِسی ہزیمت کو چھپانے کیلئے ہندوستانی فوج نے ظفر وال سیکٹر میں فائرنگ کرکے سول آبادی کو بھی نشانہ بنایا۔
اِس سے پہلے بھی انڈین انٹیلیجنس ایجنسیز کینیڈا اور انگلینڈ میں سکھوں کو قتل کرنے میں ملوث پائی گئی ہیں جس سے ہندوستان پوری دنیا میں بدنام ہو چکا ہے۔