تلمبہ (نیوز ڈیسک ) معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے عاصم جمیل کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے تلمبہ میں ادا کردی گئی ہے، انہوں نے خود اپنے بیٹےکی نماز جنازہ پڑھائی جس کے بعد عاصم جمیل کی تدفین مقامی مسجد کے احاطہ میں کردی گئی۔
نمازجنازہ کے لیے موجود لوگوں سے خطاب میں مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ وہ تمام بھائیوں کے شکر گزار ہیں کو ان کے غم میں شامل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ جوان بیٹےکی موت کا غم وہی جانتا ہے جس پر گزری ہے، یہ جو زخم لگا ہے جلد بھرے گا نہیں۔ یاد رہے کہ عاصم جمیل نے گزشتہ روز سینے پر گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا، وہ نفسیاتی مسائل کا شکار تھے، اور کئی سال سے ادویات لے رہے تھے، انہوں نے 30 بور کے پستول سے اپنے آپ کو گولی ماری۔مولانا طارق جمیل نے ایکس اکاؤنٹ (سابقہ ٹوئٹر)پر بیٹے کے انتقال کی تصدیق کی تھی۔