نئی دہلی(نیوز ڈیسک ) بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور میں صورتحال معمول پر آنے کا نام نہیں لے رہی ہے اور تازہ ترین واقعے میں ایک پولیس افسر کو گولی مارکر قتل کردیا گیا۔
ریاست میں کئی مہینوں سے جاری نسلی تشدد سے سینکڑوں لوگوں کی جانیں ضائع ہوئیں جن میں اکثریت مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے کوکی قبائل سے تعلق رکھتی تھی۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق مسلح افراد نے منی پور کے علاقے موریہہ میں ایک پولیس افسرکوگولی مارکر ہلاک کردیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیاجب موریہہ کا سب ڈویژنل پولیس افسر(ایس ڈی پی او)چنگتھم آنند سرحد سے ملحق ایک نوتعمیرشدہ ہیلی پیڈ کا جائزہ لے رہاتھا۔ آنند کو گولی لگنے کے بعد موریہہ کے ایک پرائمری ہیلتھ سنٹر لے جایا گیا جہاں انہوں نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ پولیس نے ملزموں کو پکڑنے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کئی شہری و سماجی تنظیموں نے سرحدی قصبے میں تعینات سیکورٹی اہلکاروں کو ہٹانے کا مطالبہ کیاہے۔