اسلام آباد (نیوز ڈیسک )آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور وزیر دفاع سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان خارجی و دفاع تعلقات میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کے دورے پر موجود آرمی چیف نے آذربائیجان کے نائب وزیر، چیف آف جنرل اسٹاف اور ائیر فورس کے کمانڈر سے بھی ملاقاتیں کیں اور آذربائیجان کی مسلح افواج کی آپریشنل تیاری اور حوصلے کو سراہا۔ اس موقع پر آذربائیجان کی سیاسی اورعسکری قیادت نے پاکستان کی جانب سے آذربائیجان کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ ملاقات میں دونوں ریاستوں اور افواج میں باہمی تعاون کو نئی سطح تک بڑھانے کا عزم کیا گیا۔ اپنے دورے کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے باکو میں یادگارِ شہدا پر پھول بھی رکھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کے دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان فوجی اور دفاعی تعاون کو بڑھانا ہے۔