راولپنڈی(نیوز ڈیسک ) تحریک حریت جموں و کشمیر کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ بھارت اسرائیل سے شہ پاکر مسلم اکثریتی جموں و کشمیر کو نسل کشی کے ذریعے مسلم اقلیتی علاقے میں تبدیل کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راولپنڈی میں دانشوروں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے غلام محمد صفی نے کہا کہ مودی حکومت اپنی ثقافتی یلغار کے تحت مقبوضہ علاقے کے اسلامی تشخص کو مٹانے کے لیے مسلمانوں کے ناموں سے منسوب تاریخی مقامات، سکولوں، کالجوں، سڑکوں اور اداروں کے نام تبدیل کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد بھارت اور مقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور نفرت پرمبنی جرائم میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔غلام محمد صفی نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ہندوتوا مجرموں کو ان کے جرائم پر انصاف کے کٹہرے میں لائے۔