دوحہ(نیو زڈیسک ) کینیڈا اور فلسطین کے بعد بھارتی ہیکروں نے اپنی بحریہ کے سابق افسروں کی سزائے موت کا بدلہ لینے کیلئے قطر پرسائبر حملے شروع کر دئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انڈین سائبر فورس نامی ایک بھارتی ہیکروں کے ایک گروپ نے جاسوسی کے جرم میں قطرکی عدالت کی جانب سے بھارتی بحریہ کے8سابق افسروں کو سزائے موت سنائے جانے کے بعد قطر پر سائبر حملے شروع کئے ہیں ۔بھارتی ہیکروں نے 7 نومبر کو قطر پر سائبر حملے کرنے کا دعویٰ کیاہے۔ ہیکروں نے یہ بھی کہاہے کہ انہوں نے ویب سائٹس پر حملہ کر ے غیر مجاز سرور تک رسائی حاصل کی اور ڈیٹا لیک کیا۔ انہوں نے قطرکے سی سی ٹی وی کیمرہ ویب سرورز تک بھی رسائی حاصل کی ۔ بھارتی ہیکر گروپ نے پہلے سوشل میڈیا پلیٹ فارمX پر فیوژن انٹیلی جنس سینٹر کی ایک پوسٹ دوبارہ شیئر کی تھی۔ 26اکتوبر کو بھارتی ہیکر گروپ ‘انڈین سائبر فورس’ نے جاسوسی کے الزام میں قطرکی عدالت کی طرف سے ہندوستانی بحریہ کے آٹھ سابق افسروں کو سزائے موت سنائے جانے پر سائبر حملوں کی دھمکی دی تھی۔ ہیکر گروپ نے قطر سے متعلق اکائونٹس کی معلومات اور قطر کے سی سی ٹی وی کیمروں کے ویب سرورز تک رسائی حاصل کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔
واضح رہے کہ قطر کی ایک عدالت نے گزشتہ اکتوبر میں بھارتی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں کواسرائیل کیلئے جاسوسی کے الزام میں سزائے موت سنائی تھی۔ بھارتی بحریہ کے یہ سابق اہلکار قطر کی الدہرہ کمپنی کیلئے آبدوز کے ایک منصوبے پر کام کر رہے تھے جب انھیں ایک سال سے زائد عرصہ قبل جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس سے قبل ہیکر گروپ نے کینیڈا کی سرکاری ویب سائٹس اور فلسطینی ویب سائٹس کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیاتھا۔