سرینگر(نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی بھارتی حکومت نے پورے مقبوضہ علاقے کو عملی طور پر جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سری نگر میں ایک انٹرویو میں کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں حالات معمول پر لانے کے بلند بانگ دعوے کر رہی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ اگر حالات معمول پر ہیں تو بھارت کی جیلیں کشمیری نوجوانوں سے کیوں بھری ہوئی ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نافذ کیے گئے کالے قوانین کی وجہ سے آج کوئی بات کرنے کی ہمت نہیں کرتا جس کی وجہ سے 70 فیصد آبادی ذہنی تناؤکا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئمہ کرام، مبلغین اور علماءکو تھانوں میں طلب کیا جا رہا ہے اور انہیں مسئلہ فلسطین پر بات نہ کرنے کی ہدایت کی جارہی ہے۔