اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے مسلمانوں کی تیسری مقدس ترین مسجد” مسجد اقصیٰ“ میں 50 سال سے کم عمر کے فلسطینیوں پر نماز جمعہ کے لیے صیہونی پابندیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی حکام کی طرف سے سرینگر کی تاریخی جامع کو سیل کرکے کشمیری مسلمانوں کو اس میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے اور میر واعظ عمر فاروق کو دوبارہ سے گھر میں نظر بند کرنے کی بھی مذمت کی۔
انہوںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کی گرفتاریاں اور نظر بندیاں انہیں آزادی کے لیے آواز اٹھانے اور القدس اور الاقصیٰ (فلسطین) کی آزادی کے لیے دعا کرنے سے نہیں روک پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کی اس طرح کی نسل پرستانہ پالیسیوں کے سنگین نتائج نکلیں گے۔