اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں قابض حکام کی طرف سے منظم طریقے پر کشمیریوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کرنے کی شدیدمذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو اسلام آباد میں اپنی پریس بریفنگ میں کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے علمبرداروں اور سیاسی کارکنوں کی جائیدادوں کو سیل اور ضبط کرنے کی مہم میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے بھارتی حکام نے ایک بار پھر انسداد دہشت گردی کے قانون کو استعمال کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں کئی جائیدادوں کو ضبط کیا۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ جائیدادوں پر قبضہ اختلاف رائے کو کچلنے اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو اپنی آواز بلند کرنے سے روکنے کا ایک ظالمانہ طریقہ ہے، یہ طرز عمل اور اس قسم کے وحشیانہ بھارتی اقدامات کو فوراروکاجانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کیلئے اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔