اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) ضلع جنوبی وزیرستان میں وانا کے علاقہ دژہ غونڈئی میں بم دھماکے میں قبائلی سردار اسلم نور وزیر اور ان کے دو بیٹوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ضلعی پولیس آفیسر فرمان اللہ کے مطابق قبائلی سردار اسلم نور وزیر رستم بازار سے اپنی گاڑی میں گھر جارہے تھے کہ دژہ غونڈئی کےمقام پر زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں سردار اسلم نور وزیر، ان کے دو بیٹے اور ایک دوست جاں بحق ہوگئے۔ دھماکے میں تین افراد زخمی بھی ہوئےجنہیں وانا اسپتال منتقل کردیاگیا۔ سردار اسلم نور وزیر کو حکومت کی جانب سے صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔