جموں(نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی” جموں کشمیر سوشل پیس فورم“ نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر سوشل فیس فورم کے چیئرمین ایڈوکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے جموںمیں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ قابض فوجی فوجی رات کے اوقات میں مختلف علاقوں کو گھیرے میںلے کر سردی کے موسم میں مکینوں کو گھروں سے باہر نکال دیتے ہیں، لوگوں خاص طورپر نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں، خواتین کی تذلیل کرتے ہیں اور املاک کی توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی وحشیانہ کارروائیوں کا مقصدکشمیریوں کو ڈرانا دھمکاکر انہیں حق خودارادیت کے لیے اپنی جدوجہد ترک کرنے پر مجبور کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تاہم بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں کے باوجود کشمیریوںکا جذبہ آزادی مستحکم و توانا ہے اور وہ جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔دیویندر سنگھ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔