سرینگر(نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںضلع پلوامہ کے علاقے تہاب میں مسلمانوں نے ایک کشمیری پنڈت کی آخری رسومات کی ادا ئیگی میں بھرپور تعاون کر کے ایک بارپھر بھائی چارے کی مثال قائم کی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تہاب میں مسلمان فوت ہونیوالے اپنے ہمسائے کشمیری پنڈت کی آخری رسومات کی ادائیگی میں پیش پیش رہے اور بھرپور تعاون کیا۔تہاب کے ایک مسلم رہائشی نے کشمیری کمیونٹی میں پائیداررشتوں کواجاگر کرتے ہوئے کہاکہ مسلمانوںسمیت مقامی لوگ کشمیری پنڈت کے انتقال کی خبر ملتے ہی اکٹھے ہوئے اور انہوں نے اس پرتعزیت کے اظہار کے علاوہ پنڈت کی آخری رسومات میں بھرپور حصہ لیا ۔انہوں نے کہاکہ وہ سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ مسلم اورغیر مسلم مقبوضہ کشمیر ہم اب بھی بھائیوں کی طرح زندگی گزار رہے ہیں۔مسلمانوں نے روایتی ہندو رسومات ادا کرنے سے لے کر چتا کو جلانے تک اس بات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی کہ آخری رسومات انتہائی احترام کے ساتھ انجام دی جائیں۔یکجہتی کے اس عمل سے خطے میں آباد مختلف برادریوں کے درمیان اتحاد اجاگر ہوا ہے۔