نئی دہلی(نیوز ڈسک) سابق بھارتی کرکٹر سری سانتھ کے خلاف لاکھوں روپے کی دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت کے سابق فاسٹ باؤلر سری سانتھ کے خلاف کیرالہ کے رہائشی ساریگ بالا گوپالن نے لاکھوں روپے کی دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرا دیا۔
مقدمے میں سری سانتھ کے ساتھ مزید 2 افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے جبکہ شہری نے اپنی درخواست میں لکھا ’’سری سانتھ سمیت 2 افراد نے اسپورٹس اکیڈمی میں شراکت دار بنانے کے وعدے پر ان سے رقم بٹوری۔‘‘
رپورٹ میں کہا گیا کہ ’’متاثرہ شخص کا دعویٰ ہے کہ شہری راجیو کمار اور وینکٹیش کنی نے ریزورٹ تعمیر کرنے کے لیے ان سے 18 لاکھ روپے لیے اور ان سے کہا گیا تھا کہ اسپورٹس اکیڈمی میں بھی انہیں شراکت داری دی جائے گی‘‘۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ پروجیکٹ سری سانتھ کے ذریعے شروع ہونا تھا لیکن نہ تو اسپورٹس عمارت کی تعمیر شروع ہوئی اور نہ ہی انہیں رقم واپس دی گئی۔