راولپنڈی( نیوز ڈیسک ) افواج پاکستان کی جانب سے میجر محمد اکرم شہید (نشان حیدر) کے 52 ویں یوم شہادت کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ میجر محمد اکرم شہید نے تمام تر مشکلات کے باوجود 1971ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران ہلی کے محاذ پر دشمن کے حملوں کو بہادری سے پسپا کیا، ان کی شاندار مزاحمت نے بھارتی فوج کو مادر وطن کے ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں کرنے دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افواج پاکستان کا کہنا ہے کہ میجر محمد اکرم شہید جیسی مثالی جرأت و بہادری مادرِ وطن کے محافظوں کی پہچان ہے، ان کا یومِ شہادت افواج پاکستان کی مادر وطن کیلئے دی جانے والی قربانیوں کا مظہر ہے، پاکستان کے یہ درخشندہ ستارے جنہوں نے ملک کی آبرو کیلئے اپنی جان نچھاور کی وہ عزت و تکریم کے مستحق ہیں، پوری قوم کو بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔