سرینگر(نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے دنیا کی توجہ علاقے میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی طرف مبذول کرائی گئی ہے۔یہ پوسٹر10 دسمبر کو منائے جانے والے” انسانی حقوق کے عالمی دن “ کی مناسبت سے چسپاں کیے گئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 10 دسمبر کو ہر برس دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ 1948 میں اس دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ (یو ڈی ایچ آر) منظور کیا تھا۔سرینگر اور دیگر علاقوںمیںیہ پوسٹر مختلف آزادی پسند تنظیموں نے چسپاں کیے ہیں۔
پوسٹروں میں لکھا ہے کہ” بھارتی فوجی بے گناہ کشمیریوں بالخصوص نوجوانوں کو محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں اور جعلی مقابلوں میں قتل کر رہے ہیں اور میتوں کو مناسب تدفین کے لیے ورثا کے حوالے نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے کارکنوں کو بھی بغیر کسی جواز کے گرفتار کر کے جیلوں میں بند کیا جا رہا ہے۔
پوسٹروں میں انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں۔