اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشت گرد ہمیں کبھی خوفزدہ نہیں کر سکتے، دہشت گرد ہاری ہوئی اور ہم جیتی ہوئی جنگ لڑ رہے ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان دہشت گرد حملے میں زخمی افراد کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہمارے جوانوں کے جذبے جوان ہیں، جن کے حوصلے کے لیے میں گیا انہوں نے مجھے حوصلہ دیا۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد دس قدم ہم سوقدم بڑھائیں گے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت چکا ہے، حملہ آوروں کو بتا دینا چاہتا ہوں وہ یہ جنگ ہار چکے ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اس جیتی ہوئی جنگ میں جنہوں نے قربانیاں دیں وہ یہاں اور جنت میں بھی راحت میں ہوں گے، دہشت گرد کوئی بھی حربہ استعمال کر لیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، ہم جیتے ہوئے لوگوں کے ساتھ ہیں وہ چاہے یہاں ہوں یا آخرت میں۔