کراچی (نیوز ڈیسک ) بی این اے کمانڈر سرفراز بنگلزئی 70ساتھیوں سمیت قومی دھارے میں شامل ہوگئے ۔ اس حوالے سے جیو کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ سرفراز بنگلزئی بی این اے کا سیکنڈ کمانڈر تھا اپنے 70ساتھیوں کے ساتھ قومی دھارے میں شامل ہونا ملک دشمنوں کی بہت بڑی شکست اور بلوچ عوام کی جیت ہے، قومی دھارے میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو دیکھتے ہوئے امید ہے کہ دیگر کالعدم بی این اے کے رہنما مین اسٹریم میں آجائیں گے ،بی این اے کمانڈر سرفراز بنگلزئی نے بالکل درست کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارتی را ملوث ہے ،میرا دیگر بی این اے رہنماؤں کو بھی مشورہ ہے کہ دشمنوں کے ہاتھوں میں نہ کھیلیں اور قومی دھارے میں شامل ہو کر پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں،میں سمجھتا ہوں کہ ان کا آج کا اعلان دیگر جو عسکریت پسند ہیں ان کے لئے ایک لمحہ فکریہ ،آج کی کامیابی پورے پاکستان کی کامیابی ہے ، بلوچ عوام کی کامیابی ہے ۔ ہمارے ریاستی اداروں اور ہماری حکومت کی کامیابی ہے،خصوصی نشریات میں نگراں وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز ، سیکورٹی ایکسپرٹ سید محمد علی اور دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤ الدین نے بھی اظہار خیال کیا۔ نگراں وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز کا کہنا تھا کہ پچھلے دو سال میں دشمنوں کی جانب سے 150بلوچوں کو قتل کیا گیا ہے یہ سوچنے کی بات ہے کہ کون ہے جو بلوچ عوام کو ورغلاکراستعمال کررہا ہے ہیلی کاپٹر کریش پر بھی دشمن نے کس طریقے سے بی این اے کو ملوث کیا حالانکہ وہ حادثاتی واقعہ تھا ۔ قومی دھارے میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو دیکھتے ہوئے امید ہے کہ دیگر کالعدم بی ایل اے کے رہنما مین اسٹریم میں آجائیں گے۔
دوسری جانب مریم نواز کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سرفراز بنگلزئی اورساتھیوں کوقومی دھارےمیں لانے والے قوم کے ہیرو ہیں،ہم سب آئی ایس آئی کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔