سرینگر(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر کے ایک ہسپتال میں رواں سال نومبر تک 3110اموات رپورٹ ہوئیں ہیں جس سے مقبوضہ علاقے میں صحت کی ابتر صورتحال کی عکاسی ہوتی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرکاری اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں 2020میں 1813مریضوں کا انتقال ہوا جبکہ 2021میں یہ تعداد بڑھ کر 2068ہو گئی اور گزشتہ سال ہسپتال میں 3176مریضوں کی وفات ہوئی ۔ رواں سال اب تک ہسپتال میں3110مریض لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔سرینگر کے صرف ایک ہسپتال میں ہونیوالی مریضوں کی اموات سے مقبوضہ علاقے میں صحت کی سہولیات کی ابتر صورتحال کی عکاسی ہوتی ہے ۔ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر میں اموات کے سرکاری اعداد و شمار ایک مقامی میڈیا گروپ کی طرف سے حق اطلاعات کے تحت دائر کی گئی درخواست پر جاری کئے گئے ہیں ۔ ان اعدادوشمار سے کشمیری عوام میں سخت تشویش پیدا ہوگئی ہے اورانہوں نے مقبوضہ علاقے میں سرکاری ہسپتالوں کی افادیت اور صحت کی سہولتوں کے بارے میں سوالات اٹھائے ہیں۔