اسلام آباد/سرینگر(پیارا کشمیر نیوز ڈیسک ) تحریک آزادی جموں کشمیر کے ممتاز سینئر حریت رہنما پروفیسر نزیر احمد شال برطانیہ میں انتقال کر گئے۔ اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے محبوس چیئرمین و سینئر حریت رہنما عبدالصمد انقلابی نے پروفیسر نزیرحمد شال کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر نذیر احمد شال کی تحریک آزادی کے لیے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں نمایاں خدمات سر انجام دی۔ عبدالصمد انقلابی نے پروفیسر نذیر احمد شال کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ اگرچہ
پرفیسر نزیر احمد شال کافی عرصے سے علیل تھے لیکن اس کے باوجود وہ اپنے مشن ساتھ منسلک رہے اور وہ آخری دم تک جموں و کشمیر میں بھارتی قبضے کے خلاف اپنے محاذ پر جدوجہد کرتے رہے۔ ان کے انتقال سےتحریک آزادی کشمیر کا ایک اور باب آج بند ہو گیا ہے۔ عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ پروفیسر نزیر احمد شال اور ان کی اہلیہ نے ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ لائق اور ذہین ہونے کے ساتھ ساتھ وہ ایک شریف النفس انسان تھے۔ علم و ادب میں بھی ان کا ایک مقام تھا۔ اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سرینگر کے ترجمان اور اسلام آباد میں مقیم تنظیم کے نمائندے عبدالمجید لون نے بھی پروفیسر نذیر احمد شال کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور سوگوارخاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
(بشکریہ ۔۔ اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر)